اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایت پر عوام کی سہولت کے پیش نظر کراچی سے دھابیجی کے درمیان کل یکم نومبر سے دھابیجی ایکسپریس کے نام سے نئی شٹل ٹرین کا آغاز ہوگا۔ نئی ٹرین کا افتتاح آج شام 4 بجےکراچی کینٹ سٹیشن سے ہوگا۔ کراچی دھابیجی ایکسپریس(KD۔1UP) کراچی سٹی سے صبح سات بجے روانہ ہو کر ڈرگ روڈ ، ملیر اور بن قاسم سٹیشنوں پر سٹاپ کرتی ہوئی 8 بج کر 55 منٹ پر دھابیجی ریلوے سٹیشن پر پہنچے گی۔ اسی طرح دھابیجی کراچی ایکسپریس (DK۔2DN) شام 5 بجے دھابیجی ریلوے سٹیشن سے روانہ ہو کر بن قاسم ، لانڈھی اور ملیر ریلوے سٹیشن پر سٹاپ کرتی ہوئی 6 بج کر 55 منٹ پر کراچی سٹی ریلوے سٹیشن پر پہنچے گی۔ یہ شٹل ٹرین سات اکانومی کلاس کوچز، ایک پاور وین اور ایک بریک وین پر مشتمل ہو گی۔ موجودہ حکومت کی طرف سے یہ نئی شٹل ٹرین کراچی کے مزدور طبقہ کے لئے ایک تحفہ ہے، اس ٹرین سے کراچی کے محنت کشوں کو صبح فیکٹری ایریا، لانڈھی، کورنگی اور دھابیجی آنے اور جانے میں بڑی سہولت ہو گی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے کراچی کے لوگوں کے لیے لوکل ٹرین کا ایک وعدہ کیا تھا جو پورا کیا جارہاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ 60 دنوں میں چھٹی ٹرین ہے انشاء اللہ 100 دنوں میں 10 پسنجر ٹرینوں اور 15 فریٹ ٹرینوں کا ٹارگٹ بھی پورا کریں گے اور پاکستان ریلوے قوم کی امنگوں پر پورا اترے گی۔