خبرنامہ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کا انتظامیہ کو 8 سے 10 روزکا الٹی میٹم

کراچی: (آئی این پی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کو کچرے سے صاف کرنے کے لئے ایک اور الٹی میٹم دے دیا ، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ آئندہ 8 سے 10 دن میں انہیں صاف ستھرا کراچی چاہئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں صفائی کی صورتحال کے متعلق اجلاس ہوا ۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آئندہ 8 سے 10 روز میں شہر سے کچرا صاف کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف کچرہ نہیں بلکہ ملبہ بھی صاف کیا جائے ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بیانات کے بجائے کام پر یقین رکھتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے 19 ترقیاتی منصوبے تھے ، 17 منظور ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔ کراچی کو پہلے جیسا صاف ستھرا کر دیں گے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے بعد سندھ میں بھی کام ہو گا ، کراچی میں بچوں کی اغواء کی وارداتیں نہیں ہو رہی صرف افواہیں ہیں ۔