خبرنامہ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کا صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس

کراچی:(ملت+اے پی پی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔ ایپکس کمیٹی کے گزشتہ 2 سال میں 16 اجلاس ہوچکے ہیں۔ اجلاس کی صدارت گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ مشترکہ طور پر کرتے ہیں تاہم آج 17 ویں اجلاس میں گورنرسندھ جسٹس (ر) سعیدالزمان صدیقی کی عدم موجودگی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز بھی عہدوں پر ترقی پانے کے باعث اپنے موجودہ عہدوں پر ہوتے ہوئے آخری بار اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے 2013 میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا گیا تھا جبکہ اس آپریشن کو سندھ بھر میں پھیلانے اور سندھ حکومت کے زیر اثر رکھنے کے لئے صوبائی اپیکس کمیٹی بنائی گئی تھی جس کا پہلا اجلاس فروری 2015 میں سابق گورنرعشرت العباد اور سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت ہوا تھا۔