خبرنامہ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کی ایم کیوایم رہنماؤں کوتحفظات دورکرنےکی یقین دہانی

کراچی:(آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم کو تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے خواجہ اظہارالحسن اور کنور نوید جمیل کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے متحدہ رہنماؤں کو گزشتہ 6 روز سے کراچی پریس کلب کے باہر جاری بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور وہ کراچی آپریشن کی ذمہ داریاں بھی سنبھالنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تحفظات کے خاتمے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سے دوسری ملاقات بھی جلد متوقع ہے۔ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال ختم کرنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔