خبرنامہ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات

کراچی:(اے پی پی) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ نئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی ، وفاق کی جانب سے رینجرز کے معاملے پر سندھ حکومت کی سمری مسترد کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران صوبائی معاملات ،سندھ کابینہ اور رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے گفتگو کی گئی، اس دوران مراد علی شاہ نے بلاول بھٹو کو رینجرز کے اختیارات کی سمری پربریفنگ بھی دی ۔ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد قلیل مدت میں ان کی بلاول بھٹو سے یہ دوسری ملاقات ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی نئی صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پہلی ملاقات کی تھی اور قیادت کے اعتماد اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے زیادہ سے زیادہ کارکردگی دکھانے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ گزشتہ روز سندھ میں رینجرز کے اختیارات سے متعلق سندھ حکومت کی جانب سے ارسال کردہ سمری وفاق نے مسترد کردی۔ وفاقی حکومت اس بات پر بضد ہے کہ رینجرز کو آرٹیکل 147 کے تحت ہی اختیارات دیئے جائیں گے لیکن صرف شہر کراچی میں نہیں بلکہ پورے سندھ میں اختیارات دیئے جائیں گے ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی سمری ناقص ہے اور آرٹیکل 147 کے معاملے پر پورا نہیں اترتی اس لیے سمری کو مسترد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رینجرز کے ایک سال قیام اور اختیارات میں‌ تین ماہ کی توسیع کی سمری پر دستخط کردیے، جس کے مطابق اندرون سندھ کاراروائی کے اختیارات نہیں ہوں گے۔