خبرنامہ سندھ

وزیراعلیٰ کی تمام ڈویژنل کمشنرز کو تجاوزات کیخلاف کاروائیاں مزیدتیز کرنے کی ہدایت

پشاور (ملت + آئی این پی) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز کو اپنے متعلقہ ڈویژنز میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کاروائیوں میں مزیدتیزی لانے اور اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بازاروں، سٹرکوں اور سرکاری املاک پر تجاوزات کا خاتمہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے جسے ہر حالت اور ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گااور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ انہوں نے کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ تجاوزات کو ہٹانے کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں ماہانہ رپورٹ باقاعدگی کے ساتھ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو ارسال کریں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ ہائے صحت اور خوراک کے حکام کو بھی جعلی ادویات ، عطائی ڈاکٹروں، ناقص اشیائے کے خوردو نوش کے خاتمے کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات اُٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔وہ منگل کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاو رمیں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور جعلی ادویات و خوردو نوش کی روک تھام کے سلسلے میں اب تک کے اقدامات اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری محکمہ صحت اور سیکرٹری محکمہ خوراک کے علاوہ تمام ڈویژنز کے کمشنر زاور ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے جعلی ادویات ، عطائی ڈاکٹروں اور اشیائے خوردو نوش میں ملاوٹ کے خاتمے کے سلسلے میں موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیلئے تمام اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے جبکہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو مزید فعال بنانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کی صحت اور زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر اُنہیں کڑی سے کڑی سزادینے کے لئے جرمانوں اور قید کی سزاؤں کو مزید سخت کرنے کے سلسلے میں متعلقہ قوانین اور رولز میں ترامیم بھی تجویز کئے جائیں تاکہ اس ناسور کا مکمل قلع قمع ممکن ہو سکے ۔وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو صوبے کے تحصیل اور ڈسٹرکٹ ، ہیڈکوارٹرز ، ہسپتالوں کی اسٹینڈ یر ڈائزیشن اور تزئین و آرائش کے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور اب تک ۔اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کے بارے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ پرویز خٹک نے ڈرگ اور فوڈ انسپکٹرز کی طرف سے پکڑے جانے والی جعلی ادویات و اشیائے خوردو نوش کے نمونوں کی ٹیسٹنگ عمل کوتیز کرنے کیلئے ڈویژنز کی سطح پر بھی ٹیسٹنگ لیبارٹریز قائم کرنے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اُٹھانے اور ان لیبارٹریوں میں نمونوں کی ٹیسٹنگ کے لئے ایک ٹائم لائن مقرر کرنے کے احکامات جاری کئے۔اضلاع اور ڈویژنز میں سرکاری قطعہ ہائے اراضی پر تجاوزات کے حوالے سے کمشنرز کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک نکتے پر وزیراعلیٰ تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت کی کہ وہ اضلاع میں اپنے متعلقہ محکمے کی زمینوں پر قائم ناجائز تجاوزات کی نشاندہی کرکے متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو تحریری طور پر آگاہ کریں تاکہ ان تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے اقدامات میں آسانی ہو۔ وزیراعلیٰ نے ڈویژنز اور اضلاع میں سرکاری زمینوں ، سڑکوں اور بازاروں میں قائم ناجائز تجاوزات کے خاتمے پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو تعریفی اسناد بھی دیئے جائیں گے۔دریں اثناء واٹر اینڈ سینٹیشن کمپنی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام اضلاع میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے ڈمپنگ گراؤنڈ جلد سے جلد بنانے اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے سارے کام کو ایک شفاف مسابقتی عمل کے ذریعے اچھی شہرت کے حامل نجی کمپنیوں کو آوٹ سورس کرنے کی بھی ہدایت کی۔