خبرنامہ سندھ

وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس

وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس

کراچی(ملت آن لائن) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے سے پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، مرض پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ پولیو کے خاتمے سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، ایم این اے عذرا پیچوہو، وفاقی حکومت، عالمی ادارہ صحت و یونیسف عہدیداران سمیت آئی جی سندھ و دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پولیو کے مکمل خاتمے کی راہ میں حائل ایک بڑا چیلنج ہے تاہم ہم اس پر قابو پانے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں پولیو کارکردگی کے کالم شامل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بہترین اے سی آر کے لئے پولیو کے خاتمے کے خلاف جنگ میں معیاری کارکردگی ضروری ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ کے کسی بھی اضلاع میں پولیو مہم میں کوتاہی برتی گئی تو میں سخت ایکشن لیا جائے گا، ہمیں اپنے بچوں کو معذوری سے بچانا ہے، دنیا میں پاکستان اور افغانستان دو ممالک ایسے ہیں جن میں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے جوکہ نہایت ہی تکلیف دہ عمل ہے۔ اجلاس میں پولیو کی روک تھام میں پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے پولیو کے خاتمے سے متعلق پولیو کوآرڈنیٹر فیاض جتوئی نے بتایا کہ کراچی میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے اہم اقدامات کررہے ہیں، گذشتہ برس جولائی سے اکتوبر تک کراچی کے علاقہ سہراب گوٹھ میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت رہے جبکہ خمیسو گوٹھ، چکرا نالا، راشد منہاس اور محمد خان کالونی کے علاقوں میں وائرس نظر نہیں آیا اور دسمبر2017 ء تک اورنگی نالا اور بختاور گوٹھ کے علاقوں میں پولیو وائرس نمونے مثبت جبکہ مچھر کالونی میں وائرس نظر نہیں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ گڈاپ، لانڈھی اور چند دیگر علاقوں میں کچرے کے باعث پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے جبکہ کوئٹہ و کراچی سے لوگوں کی آمدورفت سے شمالی و زیریں سندھ کی طرف پولیو وائرس حرکت کررہا ہے اور افغانستان سے بھی کراچی کی جانب آمدورفت سے پولیو وائرس کی منتقلی ہوتی ہے۔