وزیر اعظم نے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،گورنر سندھ
کراچی(ملت آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے گورنر ہاؤس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں اور کاروباری افراد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل، مشکلات اور ملک کی معاشی ترقی میں ان کے ناگزیر کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو گورنر ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم نے گورنر سندھ اور مشیر برائے معاشی امور و خزانہ مفتاح اسماعیل کو کاروباری برادری کے مسائل حل کر نے کا ٹاسک دیا۔ مفتاح اسماعیل گورنر سندھ کی مشاورت سے ان مسائل کے حل کے لئے حکمت عملی تیار کریں گے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم شا ہد خاقان عباسی سے کاروباری برادری کے وفد کی ملاقات نہایت مثبت رہی، وزیر اعظم نے ان کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اس ضمن میں ان سے مسلسل رابطہ رکھا جائے گا، صنعت کاروں اور تاجروں نے وزیر اعظم کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں صنعتی، کاروباری، تجارتی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے صنعت کاروں، تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، مستحکم اور مضبوط معیشت میں ان کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے، حکومت صنعت کاروں، تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے تحفظات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ انہیں بھرپور تعاون، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے سرمایہ کاری کے لئے مزید پرکشش شہر بن گیا ہے، سرمایہ کاروں کی شہر کے مختلف منصوبوں میں دلچسپی اس بات کی غمازی کرتی ہے، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے تاکہ سرمایہ کاری میں مزید اضافہ یقینی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کے بعد صنعت کاروں، سرمایہ کاروں، تاجروں اور کاروباری افراد کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے، وزیر اعظم کی جانب سے معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور سرمایہ کاروں، صنعت کاروں، تاجروں اور کاروباری افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم بھی ہیں