خبرنامہ سندھ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ایم این اے جنید اکبر خان کی ملاقات

پشاور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے ایم این اے جنید اکبر خان نے ملاقات کی اور ملاکنڈ میں ترقیاتی پیکج کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مالاکنڈ میں ترقیاتی سکیموں پر فوری طور پر عمل درآمدکرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پورے صوبے اور خاص طور پر ملاکنڈ میں آبادیوں کے اندر غیر قانونی فیکٹریوں کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع ملاکنڈ سمیت صوبہ بھر میں جہاں قابل عمل ہو وہاں نئی تحصیلوں کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ کو درگئی اور بٹ خیلہ کے دورے کی دعوت بھی دی گئی ۔اس موقع پر مشیر وزیر اعلیٍٰ برائے پا پولیشن عبد ا شکیل بھی موجود تھے۔دریں اثناء پرویز خٹک نے سابق صوبائی وزیر یوسف ترند کی قیادت میں بٹگرام کے چھ رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کوتعلیم اور صحت عامہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں جن کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کر دیا ہے اس کے علاوہ صوبے کی سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ڈاکٹروں اور اساتذہ کا فرض ہے کہ عوام کے بہترین مفاد میں وہ فرائض منصبی بطریق احسن ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور اساتذہ کو ٹرانسفرز کی دوڑ میں شریک ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ان کو صوبائی حکومت نے جو مراعات دیں وہ اس سے پہلے کسی نے نہیں دیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔