کراچی۔(ملت آن لائن) وزیر بلدیات و کچی آبادی سندھ سعید غنی سے ورلڈ بینک کے چار رکنی وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی سینئیر واٹر ریسورسیس مینجمنٹ اسپیشلسٹ اینڈریز روڈی نے کی جس میں سنئیر واٹر اینڈ سینیٹیشن اسپیشلسٹ فرحان اللہ سمیع، ایسوسی ایٹ انویسٹمنٹ آفیسرسارہ آفریدی اور واٹر ریسورسیس اسپیشلسٹ بشارت سعید شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ خالد شیخ، ڈی ایم ڈی پلاننگ واٹر بورڈ ایوب شیخ، محمد شکیل قریشی، ڈائریکٹر انویسٹمنٹ کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپرومنٹ اقرار الحسن، رحمت اللہ شیخ، محمد خان ابڑو اور دیگر بھی موجود تھے۔ ورلڈ بینک کے وفد نے کراچی میں پانی اور سیوریج کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس سلسلے میں کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی منصوبے کے حوالے سے صوبائی وزیر بلدیات کو بریفنگ دی اور اس میں ورلڈ بینک کی جانب سے سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر نے اس منصوبے پر واٹر بورڈ کے ایم ڈی اور دیگر افسران سے اس سلسلے میں تمام تفصیلات حاصل کیں۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ اس منصوبے کی فزیبلیٹی رپورٹ مکمل کرکے جلد سے جلد اس منصوبے کے حوالے سے پی سی ون تیار کرکے عملی جامہ پہنایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے واٹر بورڈ میں انتظامی اصلاحات کے حوالے سے ورلڈ بینک کی جانب سے دی جانے والی تجاویز پر بھی اتفاق رائے کیا۔