خبرنامہ سندھ

وسیم اخترنے 12 مئی کےواقعات کی ذمہ داری قبول کرلی

کراچی: (آئی این پی) پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وسیم اختر نے دوران تفتیش سانحہ بارہ مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وسیم اختر نے 12 مئی 2007 کو اس وقت کے چیف جسٹس افتخار چودھری کی کراچی آمد کے موقع پر فائرنگ کی ہدایت دینے کا اعتراف کیا ہے۔ وسیم اختر کی ہدایت پر ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ٹی این ٹی کالونی میں ریلیوں پر فائرنگ کی۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی ہدایت دینے والوں میں پارٹی کے 15 دیگر عہدیدار بھی شامل تھے۔ ہدایات دینے والوں میں کامران فاروقی، عمیر صدیقی، مزمل ہاشمی، شجاعت ہاشمی اور دیگر شامل تھے۔ پولیس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وسیم اختر نے سانحہ 12 مئی کے ملزموں کی گرفتاری میں مدد کی پیش کش بھی کی ہے۔ وسیم اختر کی نشاندہی پر ایک ملزم اسلم عرف کالا کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔