کراچی:(آئی این پی) انسداد دہشتگردی کی عدالت نےایم کیوایم رہنمائوں وسیم اختر اور روف صدیقی کی عبوری ضمانت میں ا یک بارپھر توسیع کردی،جبکہ عدالت نے ایم کیو ایم قائد سمیت 20رہنمائوں کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے دونوں رہنمائوں روف صدیقی اور وسیم اختر کی عبوری ضمانتوں میں 22فروری تک توسیع کردی ہے۔دونوں رہنمائوں پر اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کا الزام ہے،جبکہ مفرور ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری بھی کردیے ہیں۔مفرور ملزمان میں ایم کیو ایم قائدسمیت 20رہنما شامل ہیں۔عدالت میں پیشی کے بعد وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اندرون سندھ اور شہروں میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے،پیپلز پارٹی نے پہلے اندورن سندھ کو تباہ کیا اور اب شہروں کو تباہ کررہی ہے،جس کے باعث مہنگائی عروج پر ہے اور عوام پریشان ہے۔