خبرنامہ سندھ

وفاقی حکومت کےالیکٹرک کو بجلی کی فراہمی جاری رکھے: مرادعلی

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت سے ٹرانسمیشن لائن سے براہ راست بجلی کے حصول اور سندھ کے پاور پلانٹس کے لیے گیس مختص کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے بجلی کے مسئلے پر وفاق سے کوئی بڑا اختلاف نہیں ہے ، معاملہ تقریباً حل ہو گیا ہے ۔ وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے ملاقات کی ۔ سندھ اور وفاق کے درمیان بجلی اور متبادل توانائی کے ٹیرف اور دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی سندھ نے وفاقی حکومت سے ٹرانسمیشن لائن سے براہ راست بجلی کے حصول کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت لگنے والے منصوبوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے ، سندھ کے توانائی منصوبوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو مطلوبہ بجلی کی فراہمی جاری رکھے، بجلی کی سپلائی کم کرنے سے کراچی بری طرح متاثر ہو گا ۔ خواجہ آصف نے سندھ کے ذمہ دو ہزار گیارہ سے واجب الادا بہتر ارب روپے کی جلد ادائیگیوں کا مطالبہ کیا گیا ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت ترتیب دی جا رہی ہے ۔ سندھ حکومت کے مسائل حل کے قریب ہیں ، لوڈشیڈنگ کی شکایت کا ازالہ کرینگے جبکہ بقایا جات کے معاملے پر جلد بات طے ہو جائے گی، ہمارا سسٹم اپ گریڈیشن مانگ رہا ہے ۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بجلی کے مسئلے پر وفاق سے کوئی بڑا اختلاف نہیں ہے ، معاملہ تقریباً حل ہو گیا ہے، سندھ میں بجلی چوری کی بات غلط ہے ۔