خبرنامہ سندھ

وفاق نیشنل ایکشن پلان پر اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کررہا: چانڈیو

کراچی: (ملت+آئی این پی) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وفاق نیشنل ایکشن پلان پر اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کررہا‘ غیر قانونی اسلحہ کنٹرول کرنا وفاق کا کام ہے‘ اسلحہ یہاں نہیں بن رہا باہر سے آرہا ہے‘ کالعدم تنظیمیں جلسے کررہی ہیں‘ وفاق اس معاملے پر کوئی پالیسی واضح نہیں کررہا‘ اداروں کے درمیان تصادم کا تاثر ختم ہوگیا ‘ جب سے راحیل شریف گئے ہیں وفاق نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ وہ پیر کو ایپکس کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نیشنل ایکشن پلان پر اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کررہا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے وفاق کا زمہ داری پوری نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا جہاں کمزوریاں ہیں وہ وفاق کی ذمہ داری ہے وفاقی وزیر داخلہ کہاں ہیں حکومت کیا کررہی ہے۔ غیر قانونی اسلحہ کنٹرول کرنا وفاق کا کام ہے اسلحہ یہاں نہیں بن رہا باہر سے آرہا ہے۔ مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ کئی تنظیموں کو وفاق کی سپورٹ حاصل ہے کالعدم تنظیمیں جلسے کررہی ہیں وفاق اس معاملے پر کوئی پالیسی واضح نہیں کررہا۔ سکیورٹی اداروں نے بھی وفاقی حکومت پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان تصادم کی افواہیں پھیلائی گئیں اداروں کے درمیان تصادم کا تاثر ختم ہوگیا۔ کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز نے خوشگوار ماحول میں بات کی جب سے راحیل شریف گئے ہیں وفاق نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ آئی جی صاحب آج اطمینان کے ساتھ اجلاس میں موجود تھے مجھے تو آئی جی صاحب خوش لگ رہے تھے۔ آئی جی سندھ اگر ناخوش ہیں تو ان سے پوچھ لیں وفاق سندھ کے کے ساتھ پنجاب کو بھی بدامنی کے حوالے کرنا چاہتا ہے۔ (ن غ)