خبرنامہ سندھ

وی آئی پیزکی سکیورٹی کیلئےاندرون سندھ سے پولیس کراچی طلب

کراچی: (آئی این پی) شہر قائد بھیجی جانے والی پولیس فورس میں وہ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو ضلع سانگھڑ کے 28 تھانوں میں فرائض انجام دے رہے تھے۔ اندرون سندھ کے اضلاع میں پولیس فورس کی پہلے ہی کمی ہے اور موجودہ دستیاب فورس تھانوں کے علاوہ اہم مقامات اور وی آئی پیز کی ڈیوٹیوں پر تعینات ہے۔ لہٰذا پولیس فورس کی کراچی روانگی سے اندرون سندھ کے اضلاع میں پولیس فورس کی کم تعداد میں مزید کمی آئے گی جس سے اندرون سندھ امن و امان کی صورتحال پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ کراچی روانہ ہونے والے پولیس اہلکاروں میں ایسے پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو ہیپاٹائٹس سمیت متعدد موذی امراض میں مبتلاء ہیں اور ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں جن کا کہنا ہے کہ انہیں تھانوں کے منشی حضرات کو نذرانہ نہ دینے کی پاداش میں بیماریوں اور بزرگی کا خیال کئے بغیر اپنے گھر سے دور کراچی بھیجا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں رینجرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ضلع سانگھڑ کے تمام تعلقوں کے علاوہ پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور اور پولیس ٹریننگ سینٹر جام نواز علی سے بھی پولیس فورس کراچی روانہ کی جا رہی ہے جن میں عام پولیس اہلکاروں کے علاوہ پولیس کمانڈوز بھی شامل ہیں۔