خبرنامہ سندھ

ٹریفک حادثے کے ذمے دار بس ڈرائیور نے ملبہ باپ بیٹی پر ڈال دیا

ٹریفک حادثے کے ذمے دار بس ڈرائیور نے ملبہ باپ بیٹی پر ڈال دیا
کراچی:(ملت آن لائن) ایم اے جناح روڈ پر حادثے کے ذمے دار ڈرائیور نے تمام ملبہ موٹر سائیکل سوار پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ بسیں ریس لگاتی ہیں تو ایسے موقع پر عموماً گاڑیاں سڑک کے کنارے پر ہوجاتی ہیں۔حوالات میں بند ڈرائیور سلیم نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 15 سال سے ڈرائیور ہوں اور آج تک ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، حادثے کے بارے میں اس نے بتایا کہ جب واقعہ ہوا تو وہ اتر کر نیچے گیا اور جاکر دیکھا تو بچی دم توڑ چکی تھی جس کے بعد وہ وہاں سے فرار ہو کر کورنگی میں واقع اپنے گھر پہنچ گیا۔
حادثے کے بعد اس سے کچھ کھایا پیا نہیں گیا اور وہ پشیمان تھا جس کے بعد سچل کے علاقے میں وہ اپنے دوست کے گھر چلا گیا جہاں سے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک حادثے کے 2 مقدمات درج کرلیے گئے۔ جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی عائد کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایس پی صدر توقیر نعیم نے ایکسپریس کو بتایا کہ ایک مقدمہ دونوں ڈرائیوروں کے خلاف درج کیا گیا جس میں 320/337/427 اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ دوسرا مقدمہ جلاؤ گھیراؤ کا درج کیا گیا ہے جس میں دونوں بسوں کو آگ لگائی گئی۔