حیدرآباد:(اے پی پی).ٹنڈوجام میں مزدوروں سے بھرا ٹرک تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگیا، حادثے میں خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ افسوس ناک حادثہ ٹنڈوجام کے منیر سپیو ریلوے کراسنگ پر اس وقت پیش آیا جب مزدوروں سے بھرا ایک ٹرک ریلوے ٹریک کراس کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ اس کا ایک ٹائر ٹریک میں پھنس گیا ، عین اسی وقت کراچی سے لاہور جانے والی غلام فرید ایکسپریس وہاں سے گزری اور ٹرک سے ٹکراگئی ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔پولیس کے مطابق حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ٹنڈوجام منتقل کیا گیا، جہاں سے 4 زخمیوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے۔ معجزانہ طور پر حادثے میں محفوظ رہنے والے شخص پربھو کا کہنا ہے کہ ٹرک پر ایک ہی خاندان کے 13 افراد سوار تھے جو گوٹھ دریاخان ناہیوں سے محنت مزدوری کےلیے مٹیاری جارہے تھے۔