راچی: (آئی این پی)سندھ اسمبلی میں شور شرابہ اور احتجاج معمول بن گیا۔ کراچی کو پانی کی فراہمی کی اسکیموں میں تاخیر پر خرم شیر زمان کی قرارداد میں حکومت کی جانب سے ترمیم پر اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔ شور شرابے کے دوران ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں۔ اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور کراچی کو پانی دو کے نعرے لگاتے رہے۔ وقفہ سوالات کے دوران سراج درانی اور محمد حسین میں جھڑپ بھی ہوئی جس پر اسپیکر نے ایم کیو ایم کے رکن کا مائیک بند کرا دیا جس پر متحدہ ارکان سراپا احتجاج بن گئے۔ نصرت سحر عباسی نے اسمبلی بلڈنگ میں سیکورٹی کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے واک تھرو گیٹ تبدیل کرانے کا مطالبہ کیا۔ ایوان نے گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ میر پور خاص کو اپ گریڈ کرنے کی قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔