خبرنامہ سندھ

پاکستان آج زیادہ پر امن و صنعتی ترقی کی جانب گامزن ملک ہے، گورنر سندھ

کراچی (ملت + آئی این پی) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت کے اقدامات کے باعث آج کا پاکستان 2013 ء کے پاکستان کے برعکس پر امن ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی ، سیاسی اور معاشی سرگرمیوں اور تیز ترین ترقی کرنے والا ملک بن کر دنیا بھر میں ابھر رہا ہے ، حکومتی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات مرتب ہو نا بھی شرو ع ہو گئے ہیں ، غیر ملکی سرمایہ کاری ، عظیم الشان سی پیک منصوبہ اور دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ میگا پروجیکٹس اس کی واضح مثال ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے توانائی کے بحران کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا حکومتی اقدامات سے آج پورے ملک میں بجلی کا خسارہ 5000 میگا واٹ رہ گیاہے ،جبکہ مارچ 2018 ء تک نیشنل گرڈ میں 10500 میگا واٹ بجلی داخل ہو جائے گی،وہ جمعہ کو پاک مسلم الائنس کے چیئر مین امان اللہ پراچہ کی سربراہی میں 35 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں گفتگو کررہے تھے، گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں سیاسی ، معاشی ، سماجی سرگرمیوں میں اضافہ سے لوگوں کا جمہوریت پر اعتماد مستحکم ہوا ہے آج عوام جمہوریت کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے نا گزیر سمجھتے ہیں،بلا امتیاز عوامی خدمات کو شعار بناتے ہوئے حکومت نے بلا تفریق ترقیاتی جال بچھا دیا ہے ، سی پیک منصوبہ کا سب سے زیادہ فائدہ صوبہ سندھ کو ہوگا ، ملک کے معاشی حب کراچی کو سی پیک منصوبہ کے بعد منفرد حیثیت حاصل ہو گی ، صوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے بعد غربت اور بے روزگاری میں کمی واقع ہو گی ،امان اللہ پراچہ نے گورنرسندھ کو شہر کے مختلف علاقوں میں آباد بنگالی کمیونٹی کے مسائل سے تفصیل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کی درخواست کی، گورنر سندھ نے کہا کہ وہ ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ اداروں سے بات کریں گے۔