خبرنامہ سندھ

پاکستان اسٹیل ملزسندھ حکومت کو نہ بیچنے کا فیصلہ کیا گیا: زبیرعمر

اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملزسندھ حکومت کو نہ بیچنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سندھ حکومت چھ ماہ سے ٹال مٹول کر رہی ہے، حتمی فیصلہ کابینہ کی نجکاری کمیشن کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر عمر نے کہاکہ پاکستان اسٹیل سندھ حکومت کو نہ بیچنے کا فیصلہ سندھ حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کے باعث کیا گیا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے کوئی واضح پیغام نہیں دیا گیا، مسلسل چھ ماہ سے ٹال مٹول کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل پر اس وقت 200 ارب روپے واجبات ہیں، پاکستان اسٹیل ملز کے 16 ہزار ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، پاکستان اسٹیل کے مالیاتی امور پر ماہرین سے رپورٹ بنوا چکے تھے، سندھ حکومت کی پیشکش آنے کے بعد معاملہ روک دیا تھا، اب اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ملازمین کی نتخواہوں کا معاملہ اٹھاؤں گا، امید ہے کہ کمیٹی تنخواہوں کے معاملے کو انسانی بنیادوں پر حل کرے گی۔(اح)