خبرنامہ سندھ

پاکستان میں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کیا جاتا: ایان علی

اسلام آباد (آئی این پی) کرنسی سمگلنگ کیس سے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل ایان علی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کوبھی تسلیم نہیں کیا جاتا، میرے معاملے میں وزارت داخلہ کی بدنیتی عیاں ہے۔ پیر کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں ایان علی کا کہنا تھا کہ یہاں سنگین غداری کے ملزم کو تو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جاتی ہے لیکن کسی بے گناہ کو نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حکومتی اقدامات پاکستان کے تشخص کو مجروح کرتے ہیں ،پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کوبھی تسلیم نہیں کیا جاتا حیرت ہے کہ میں حکومت کے لیے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے زیادہ اہم ہوں۔ ایان علی نے کہا کہ میرے معاملے میں وزارت داخلہ کی بدنیتی عیاں ہے ۔ (ن غ)