خبرنامہ سندھ

پاکستان کا ماڈل شہر کراچی اب کچرا ہوچکا ہے، گورنر سندھ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ 70 اور 80 میں کراچی پاکستان کا ماڈل شہر تھا جو آج کچرا ہوچکا ہے لہذا26 سالوں کے بگاڑ کو صحیح کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ میری باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے، میں آج کراچی اور سندھ کے حالات کا جائزہ پیش کروں گا۔ کراچی آپریشن جاری ہے، جس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہے، لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے لیکن وہاں پر بھی جارحانہ آپریشن جاری ہے جب کہ آپریشن پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ 70 اور 80 میں کراچی پاکستان کا ماڈل شہر تھا جو آج کچرا ہوچکا ہے لہذا26 سالوں کے بگاڑ کو صحیح کرنے کی کوشش کررہے ہیں، کراچی سمیت پاکستان کی بہت بری حالت تھی جس میں اب نمایاں تبدیلی آئی ہے، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، گرین لائن سروس کراچی کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کی حالت درست کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی جب کہ پاکستان کی معاشی حالت مسلسل بہتر ہورہی ہے۔