خبرنامہ سندھ

پاک برطانیہ اقتصادی تعاون میں اضافہ ہورہا ہے:گورنرسندھ

کراچی:(اے پی پی) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، یہاں پر ہونے والی معاشی سرگرمی پورے ملک کی اقتصادی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، حالات میں بہتری کے باعث کراچی ایک بار بھر معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں تعینات برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر جان اے ٹکنوٹ کے اعزاز میں برٹش بزنس سینٹر کی جانب سے منعقد الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامسن ڈریو۔برٹش بزنس سینٹر کی سی ای او ملاحت اعوان ، سفارت کار اور معروف صنعت کار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جان اے ٹکنوٹ جب کراچی میں تعینات ہوئے تھے اس وقت امن و امان کی صورتحال آئیڈیل نہیں تھی اور سرمایہ کار صوبہ بھر میں سرمایہ کاری کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھے، لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور کوششوں اور عوام کے تعاون سے اب صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جان ٹکنوٹ نے پاک برطانیہ اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے نہایت فعال کردار ادا کیا ہے جس کیلئے صوبہ سندھ اور پاکستان کے عوام ان کے مشکور ہیں اور ان کی خدمات کو فراموش نہیں کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اقتصادی شعبہ میں پاک برطانیہ تعاون میں ہر گذرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور برطانوی حکومت کی جانب سے کراچی میں قائم کیا جانے والا برٹش بزنس سینٹر دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید اضافے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ اقتصادی تعاون اب دو طرفہ ہوچکا ہے کیونکہ کئی پاکستانی کمپنیوں اور تجارتی اداروں نے برطانیہ میں اپنے مراکز قائم کئے ہیں اور برطانیہ کوکئی پاکستانی مصنوعات برآمد کی جا رہی ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی عوام برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوری عمل کے فروغ اور اس کے تسلسل کے لئے تعاون فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ میں برطانوی حکومت کے تعاون سے کئی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے اور خصوصاً تعلیم کے شعبہ میں یہ تعاون لائق تحسین ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ جان اے ٹکنوٹ ایک محنتی سفارت کار ہیں۔ انہوں نے اپنی خدمات کے ذریعہ نہ صرف بے شمار دوست بنائے ہیں بلکہ برطانوی مصنوعات اور باہمی تجارت کے فروغ کے لئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر جان اے ٹکنوٹ نے کہا کہ انہیں پاکستانی عوام خصوصاً سندھ کے باسیوں سے بہت زیادہ محبت اور تعاون ملا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔