پاک فوج اورعدلیہ کی وجہ سے پاکستان آج تک سلامت ہے، پیرپگارا
نوشہرو فیروز:(ملت آن لائن) حروں کے روحانی پیشوا پیرپگارا نے کہا ہے کہ پاکستان آج پاک آرمی اور عدلیہ کی وجہ سے سلامت ہے۔ ملک بچانے کے لیے جو کام حکمرانوں کو کرنا تھا وہ پاک آرمی اور عدلیہ نے کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار پیر صبغت اللہ شاہ راشدی نے نوشہرو فیروز میں گرینڈ ڈیمو کریٹ الائنس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر پگارا نے کہا کہ ہم سندھ کی سیاست میں تبدیلی لائیں گے، ملک سے دہشت گردی کسی اور نے نہیں پاک فوج نے ختم کروائی، انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور کامیاب ہوگی۔ اس مرتبہ کا الیکشن 2013 کی طرح نہیں ہونے دیں گے، سندھ کی زراعت، اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے، جرائم پر حکومت کچھ نہیں کرتی، عدلیہ کو نوٹس لینا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران غیر ملکی دوستوں سے کاروبار کر کے ملک کا نقصان کر رہےہیں، موجودہ دور میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، پنجاب میں پیپلز پارٹی کا برا حال ہے، پہلے لانچوں میں سامان آتا جاتا تھا اب پاکستانی کرنسی جاتی ہے۔