خبرنامہ سندھ

پتنگ کو نقصان ہوا تو سربراہی چھوڑ دوں گا، فاروق ستار

اصل مسئلہ

پتنگ کو نقصان ہوا تو سربراہی چھوڑ دوں گا، فاروق ستار

کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاہے کہ اگر ہماری آپس کی کھینچا تانی میں پتنگ کوکوئی نقصان پہنچے تو میں خود سربراہی سے پیچھے ہٹ جاؤں گا۔ گزشتہ روز پی آئی بی میں کے ایم سی گراؤنڈ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ میں نے فارمولا دیا تھا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور میں مل کر تمام معاملات کو دیکھتے ہیں اور 2018کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرتے ہیں اور کہا تھا کہ دونوں جانب کی رابطہ کمیٹیاں ختم کریں اور ہم دونوں بیٹھتے ہیں اور تمام کو عوام اور کارکنان میں بھیجتے ہیں اور عام انتخابات کی بھرپور تیاری کرتے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ مصطفی کمال جو کہہ رہے ہیں کہ مہاجروں کی سیاست اور ایم کیوایم جب تک ختم نہیں ہوگی تو ترقی نہیں ہوگی تو میں یہ کہتا ہوں کہ جب تک جناح کا پاکستان موجود ہے تب تک ایم کیوایم پاکستان بھی رہے گی اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ میں یہ سوچ کر آیا تھا کہ شاہد آفریدی بن کر آج کی اننگ کھیلوں گا، چوکے اور چھکے لگاؤں گا لیکن حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور بہادرآباد کے ساتھیوں کے لحاظ کی وجہ سے حنیف محمد کی اننگ کھیلوں گا۔ آج کل میڈیا میں مجھے کیوں نکالا ہی چل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے سری دیوی کے انتقال کی وجہ سے نواز شریف، ایم کیو ایم پی آئی بی اور بہادرآباد والوں کو 2 دن کا آرام میسر آگیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ میرا35 سال کا سیاسی کیرئیر ہے، میں نہ کبھی ملک سے باہر گیا اور نہ ہی کوئی جماعت بنائی، اٹک جیل بھی گیا اور صعوبتیں برداشت کیں تو آج کیسے میں پتنگ، جھنڈے اور پارٹی کو کوئی نقصان پہنچنے دونگا۔میرے پاس بہادرآباد سے ساتھیوں کے وفود آتے ہیں تو تاثر دیا جاتاہے کہ میں مان نہیں رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف جس طرح کی چیزیں چلائی گئیں اور اہم ذمے داران نے باتیں کی تو مجھے دلی افسوس ہوا۔