خبرنامہ سندھ

پرویز رشید تحقیقاتی اداروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مولا بخش

کراچی(ملت + آئی این پی)مشیرِ اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پرویز رشید دوسروں پر انگلیاں اٹھا کر تحقیقاتی اداروں کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔پرویز رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کے ہاتھ مجرموں کی گردنوں تک پہنچ چکے ہیں، چور کی داڑھی میں تنکا نہیں جھاڑو ہے، وزیراعظم اور ان کے وزراء4 کی طرف انگلیاں اٹھانے کے ذمہ دار وہ خود ہیں،کیونکہ مجرم خود کو بچانے کے لئے دوسروں کی طرف اشارے کرتا ہے۔مشیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ مجرم خود کو بچانے کیلئے دوسروں کی طرف اشارے کرتاہے، وفاقی وزیرکو اتنے عرصے بعد خیال آیا کہ اجلاس میں دیگر لوگ بھی شریک تھے، اتنے عرصے تک انہیں دیگر لوگوں کی طرف انگلیاں اٹھانے کا خیال کیوں نہیں آیا۔