خبرنامہ سندھ

پروین رحمٰن کو کلب کیلئے جگہ نہ دینے پر قتل کیا :رحیم سواتی

کراچی(آئی این پی) اورنگی پائلیٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمٰن کے قتل میں ملوث ملزم رحیم سواتی کا اعترافی وڈیو بیان دنیا نیوز نے حاصل کر لیا ۔ ملزم کے مطابق پروین رحمٰن کو جوڈو کراٹے کلب کیلئے جگہ نہ دینے پر طالبان کمانڈر کی مدد سے قتل کرایا ۔ ملزم رحیم سواتی نے وڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے ایاز شامزئی کیساتھ ملکر پروین رحمٰن کو جوڈو کراٹے کلب کیلئے جگہ نہ دینے پر قتل کرایا ۔ میڈم کو قتل کرانے کیلئے ایاز شامزئی نے ٹی ٹی پی کمانڈر موسیٰ سے میری بات کرائی ۔ کمانڈر موسیٰ نے کہا کہ پروین رحمان پہلے ہی ہماری ہٹ لسٹ پر ہے ، چند دنوں بعد کمانڈر موسیٰ کی کال آئی کہ کام ہو گیا ۔ ملزم رحیم سواتی کا کہنا تھا کہ وہ عوامی نیشنل پارٹی کا سابق کونسلر اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات تھا ۔ قصبہ کالونی ، اورنگی اور کٹی پہاڑی پر لسانی فسادات سے سیاسی جماعتوں کو فائدہ ہوتا تھا ۔ ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی نے لاشوں پر سیاست کی ۔ ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ قصبہ کالونی میں لسانی فسادات کے دوران امجد اور عمران باوانی نے مسافر بس پر فائرنگ کی جس سے دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ۔ پولیس گرفتار ملزم رحیم سواتی سے مزید تفتیش کر رہی ہے ۔