خبرنامہ سندھ

پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کا کارندہ ہلاک

کراچی: (ملت+اے پی پی) پرانی سبزی منڈی پختون چوک کے قریب پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں گینگ وار کا ایک کارندہ مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت رانا احسان کے نام سے کر لی گئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے۔ ہلاک ملزم منشیات فروش درویش گروپ کا مقامی کمانڈر ہے اور سیاسی جماعت کے عہدیدار پر حملے سمیت مختلف وارداتوں میں ملوث ہے۔ ادھر عزیز آباد سے گرفتار ملزمان عمران اور شعیب نے پاک سر زمین پارٹی کے عہدیدار ثاقب غنی کے بھائی عبید غنی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے عبید غنی کو ڈکیتی کے دوران مزاہمت کرنے پر قتل کیا تھا۔ ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔