خبرنامہ سندھ

پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائی، 10 ملزم گرفتار

کراچی: (ملت+اے پی پی) ایس ایس پی سٹی فیض اللہ کوریجو کے مطابق کھارادر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں دو ملزمان خان محمد اور سعد محمد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تالے توڑنے کے آلات، جدید تالوں کو کھولنے کے لئے مختلف اقسام کی چابیاں اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں نقب زنی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ ایس ایس پی سٹی کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکس، بغدادی، کلری، نبی بخش، گارڈن اور کلاکوٹ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 8 ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور لوٹا ہوا دیگر سامان برآمد کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں جاوید عرف امان اللہ عرف امانو بنگالی، منصور عرف دال عرف کچھی، غلام مصطفی عرف موٹا، شاہ رخ، محمد طاہر، ناظم عرف عجی، غلام عباس اور شاہ میر شامل ہیں۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان قتل، اقدام قتل، اغو برائے تاوان اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔