خبرنامہ سندھ

پولیس کی کارروائیوں میں پانچ دہشتگردوں سمیت 9ملزمان گرفتار

کراچی (آئی این پی )کراچی میں سچل سے کالعدم تنظیم کے تین کارندوں سمیت پانچ دہشتگرد پکڑے گئے۔بوٹ بیسن کے علاقے سے دو ڈاکو جبکہ منگھوپیر سے چار غیرملکیوں کو پکڑ لیا گیا جبکہ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ سچل پولیس کی کارروائی کرتے ہوئے 5مبینہ دہشتگرد گرفتار کرلئے۔پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگردوں میں سے 3 دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ملزمان کے قبضے سے دو کلو دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ دوسری جانب بوٹ بیسن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 7 رکنی ڈکیت گروہ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان اختیار احمد اور عبدالوہاب عرف چھوٹا کے قبضے سے جدید اسلحہ، لیپ ٹاپ اور دوربین برآمد ہوئی۔ منگھوپیر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا۔ادھر لیاری افشانی گلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عبداللطیف بلوچ نامی شخص جاں بحق ہوگیا جو گینگ وار کے عزیر بلوچ کا رشتہ دار تھا۔