کراچی (آئی این پی) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مردم شماری ضروری ہے ،چاہتے ہیں کہ فوج کی نگرانی میں مردم شماری کروائی جائے ،مردم شماری کیلئے3 لاکھ فوجی جوانوں کی ضرورت ہے ،پاک فوج ضرب عضب کے باعث صرف 1لاکھ اہلکاردینے پر آمادہ ہے،25 مارچ کو وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مردم شماری کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔وہ منگل کو سندھ اسمبلی میں خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے بتایا کہ مردم شماری کیلے 3 لاکھ فوجی جوانوں کی ضرورت ہے تاہم ضرب عضب کے باعث پاک آرمی صرف 1لاکھ اہلکاردینے پر آمادہ ہے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ مردم شماری ہر حال میں ہونی چاہئے کیونکہ مردم شماری بہت ضروری ہے تاہم وزیر اعظم کو صوبوں کے لحاظ سے مرحلہ وار مردم شماری کروانے کا بھی مطالبہ کیا ہے، اس بارے ہم 25مارچ کو ہونے والے اجلاس میں اپنے تحفظا ت پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی 32 جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ فوج کی نگرانی میں مردم شماری کروائی جائے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ فوج کی نگرانی میں مردم شماری کروائی جائے جبکہ وزیر اعظم نے بھی فوج کی نگرانی میں مردم شماری پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی سی آئی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مردم شماری ایک ہی وقت میں ہو گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے مشکلات کے باوجود مردم شماری کروانے پر زور دیا اور مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بھی وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد مردم شماری کروائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ میں مہاجرین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔(اح)