خبرنامہ سندھ

پکا قلعہ کا جلسہ تاریخی ہو گا: مصطفیٰ

حیدر آباد: (ملت+اے پی پی) حیدر آباد کے تاریخی پکا قلعہ میں شام چار بجے ہونے والے جلسۂ عام کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ پکا قلعہ کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔ مرکزی دروازے سے پنڈال تک جھنڈے آویزاں کئے گئے ہیں۔ پنڈال میں کرسیاں لگا دی گئی ہیں، 40 فٹ چوڑا اور چالیس فٹ لمبا سٹج بھی بنایا گیا ہے۔ پاک سرزمین کے چیئرمین مصطفیٰ کمال سمیت مرکزی قائدین جلسے سے خطاب کریں گے۔ مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وہ جلسے میں اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے۔ جلسے کے لئے حیدر آباد شہر میں جگہ جگہ بینرز، ہورڈنگز اور قومی پرچم آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ پی ایس پی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جلسہ تاریخی ہو گا، نئی تاریخ رقم کریں گے۔