خبرنامہ سندھ

پیپلزپارٹی کا فوجی عدالتوں میں توسیع کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ

کراچی: (ملت+اے پی پی) پیپلزپارٹی نے فوجی عدالتوں کی توسیع کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنز کے صدرآصف زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو مخالفت کی ہدایت کردی ہے۔ انھوں نے پارٹی رہنماؤں کو کھاد پر سبسڈی ختم کرنے کے خلاف پارلیمنٹ میں اور پارلیمنٹ کے باہرآواز اٹھانے کی ہدایت کی۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ملاقات میں آصف زرداری نے ہدایت دی کہ پیپلزپارٹی فوجی عدالتوں کی توسیع کی نہ صرف مخالفت کرے بلکہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر اس پر ٹھوس موقف اپنایا جائے آصف زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ فوجی عدالتوں سے متعلق 17 جنوری کے اجلاس میں ٹھوس موقف اپنایاجائے، آصف زرداری نے کہاکہ ڈاکٹرعذرافضل اورایازسومرو اسپیکر ایاز صادق کی وطن واپسی کے بعد اپنے استعفے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادیں۔ کراچی سے اسٹاف رپورٹرکے مطابق آصف زرداری نے وزیراعظم کی جانب سے ٹیکسٹائل سیکٹر کیلیے اعلان کردہ پیکیج کو مسترد کرتے ہوئے اسے بہت کم اور بہت دیرسے قرار دیا ہے۔ آصف زرداری نے حکومت کی جانب سے کھاد پر سبسڈی واپس لینے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظالمانہ اورغیرانسانی فیصلہ ہے، غریبوں کے خلاف سازش ہے اور دیہی عوام کے خلاف بھی سازش ہے۔