پیپلزپارٹی کا 100میٹر طویل جھنڈا شہید بی بی کی قبر پر چڑھایاجائے گا
لاڑکانہ :(ملت آن لائن) بھٹو کی بیٹی کی دسویں برسی پر پیپلزپارٹی کا سومیٹر طویل جھنڈا بھی شہید بی بی کی قبر پر چڑھایا جائے گا جبکہ گڑھی خدابخش میں ملک بھر سے جیالوں کی آمد کاسلسلہ جاری ہے۔
بھٹو کی بیٹی کی دسویں برسی پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے ،جس مین پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، شریک چیئرمین آصف علی زردار ی اوردیگر رہنما خطاب کرینگے۔
تقریب میں شرکت کیلئے جیالوں کی جوق در جوق آمد کا سلسلہ جاری ہے، جلسہ گاہ کے باہر پارٹی جھنڈوں اور ٹوپیوں اور شہید بی بی کی تصاویر سے اسٹالز سج گئے ہیں جبکہ مزارکے اندرفاتحہ خوانی جاری ہے اور لنگر کا اہتمام کیا گیا ۔
دسویں برسی کے موقع پر سو میٹر طویل اور تیس میٹر چوڑا پارٹی جھنڈا بنایا گیا ہےجسےبی بی شہید کی قبر پر چڑھایا جائے گا۔
ملک بھرسے آنے والی جیالیوں کا کہنا ہے کہ بھٹو کے نواسے کی پکار پر ہر باردوڑے چلے آئیں گے۔برسی پرسیکیورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے، وزیرداخلہ سندھ انورسیال کا کہنا ہے کہ کوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں، گڑھی خدا بخش میں جلسے کے بعد شام پانچ بج کر سترہ منٹ پرخاموشی اختیار کی جائےگی اور بی بی کی زندگی پر بنی ڈاکیومینٹری دکھائی جائے گی۔