خبرنامہ سندھ

پیپلزپارٹی کی ڈاکٹرعاصم کےبیان دکھانےکی شدید مذمت

کراچی: (آئی این پی) پیپلز پارٹی نے ڈاکٹر عاصم کے اعترافی بیان کی ویڈیو دکھانے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ سیاسی مقاصد کے لئے مخالفین پر تشدد کر رہی ہے۔ ترجمان پیپلز پارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ویڈیو بیان ڈاکٹر عاصم کو حراست میں لینے والے ادارے کے تکبر کی نشاندہی کرتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ خدشات درست ثابت ہوئے ہیں کہ اعترافی بیان لینے کے لئے ڈاکٹر عاصم پر تشدد کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کی والدہ نے سندھ ہائی کورٹ میں جو پٹیشن دائر کی اس میں بھی یہ کہا گیا تھا کہ میرے بیٹے سے اعترافی بیان لینے کے لئے اس پر تشدد کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کو دہشتگردی کے الزامات میں گرفتار کیا گیا اور کہا گیا کہ ان پر دہشتگردی کا مقدمہ چلے گا، اب جب وہاں سے کچھ نہیں ملا تو کرپشن کے الزامات لگا دیئے۔ ترجمان پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ سینیٹ سے منظور شدہ اینٹی ٹارچر قانون پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔