کراچی(ملت آن لائن)الیکشن کمیشن نے پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار سعید غنی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے کے احکامات جاری کردیئے۔
الیکشن کمیشن نے پی ایس 114 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی درخواست کی سماعت کی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقے سے کامیاب ہونے والے امیدوار سعید غنی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے کے احکامات جاری کردیئے۔
الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار سعید غنی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 17 جولائی تک کے لئے ملتوی کردی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے وکیل نے الیکشن کمیشن میں مختلف نکات اٹھائے جب کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ 27 پولنگ اسٹیشن میں جعلی ووٹ ڈالے گئےتھے انہیں تبدیل نہیں کیاگیا جب کہ وہاں سے 1200 ووٹ نکلیں، الیکشن کمیشن کے سامنے 2013 اور 2017 کے ضمنی انتخابات کے حقائق ہیں۔
فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ حلقے کے تمام ووٹوں کی بائیومیٹرک تصدیق کرائی جائے، تمام معاملات الیکشن کمیشن کے پاس ہیں اور امید ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔
خیال رہے کہ 9 جولائی کو پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ کے کامران ٹیسوری کو 5734 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی جسے ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیا تھا۔