خبرنامہ سندھ

پیپلز پارٹی صوبوں کے مابین آہنی زنجیر ہے، سہیل انور خان سیال

پیپلز پارٹی صوبوں کے مابین آہنی زنجیر ہے، سہیل انور خان سیال
کراچی۔(ملت آن لائن) سندھ کے وزیرداخلہ وزراعت اور پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل انورخان سیال نے اپنی پارٹی کے یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری,شریک چیئرمین آصف علی زرداری، فریال تالپور ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی, سینیٹرز,عہدیداران,اور جیالوں کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست کو اپنے شہید قائدین کے قول وافکار سے جمہوریت کے استحکام, عوام کی ترقی وخوشحالی اورباالخصوص اعلیٰ ایوانوں میں مفاہمت کے عمل کو ایک نئی سمت دینے والی پیپلزپارٹی کا ہر کردار ایک آہنی زنجیر کی مانند ہے جس کی ایک ایک کڑی شہداء کے خون سے رنگی ہوئی ہے جسے توڑنا ناممکن ہے۔پی پی پی کو اس امر کا بخوبی علم ہے کہ طاقت کااصل سرچشمہ صرف اور صرف عوام ہیں۔جمعرات کواپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن شہید ذوالفقار علی بھٹو سے کئے گئے عہد کی تجدید کا دن ہے۔شہید بینظیربھٹو کی جرات,بہادری اور اس ملک کے غریب طبقوں کے لئے انکی فکر اور سوچ کو یاد کرنے کا دن ہے اور اس مشعل کو شہید قائدین کی قربانیوں اور بے مثال یادوں سے روشن رکھنے کے عہد کا دن ہے جسے روشن قائد عوام نے کیا اور دوام شہید جمہوریت نے بخشا۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے لئے چاراپریل اور باالخصوص ستائیس دسمبر کا دن ناقابل فراموش ہے کہ کس طرح ملک دشمن عناصر نے بینظیر بھٹو کو شہید کیا اس روزاگرآصف علی زرداری پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگاتے تو ممکن تھا کہ دشمن اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب ہوجاتا مگر آصف علی زرداری دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے اور اپنے راست اقدامات، صبر برداشت اور مفاہمتی کردار کی بدولت پیپلزپارٹی کو مذید مستحکم اور مضبوط کردیا۔پیپلزپارٹی نوجوان قیادت بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کو ایک ایسا مضبوط قلعہ بنائے گی جو ترقی خوشحالی کی تمام منازل طے کرتے ہوئے ناقابل تسخیر بن کررہے گا اور اپنی جانب اٹھنے والی ہر میلی نگاہ کو شکست فاشت دیگا ۔ہم آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں اس ملک سے تمام تر نفرتوں کا خاتمہ کریں گے اور اپنے شہید قائدین, کارکنان کی قربانیوں کو ہی نہیں بلکہ ان جیالوں کو بھی ہرگز فراموش نہیں کرینگے جنہوں نے زندانوں اور جیلوں میں بھی جمہوریت کا علم بلند رکھا