کراچی:(آئی این پی)پی آئی اے ترجمان دانیال گیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی آئی اے ہیڈ آفس کی تالہ بندی ختم ہوگئی اور بڑی تعداد میں ملازمین اپنے کام پر واپس لوٹ آئے ہیں۔ قومی ایئر لائن کے ترجمان دانیال گیلانی نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین سے مذاکرات کا کوئی علم نہیں تاہم پی آئی اے کے دفاتر کھول دئے گئے ہیں اور ملازمین اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ جہاز کی سیکیورٹی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جہاز میں موجود پائلٹس اور کریو ممبرز تربیت یافتہ ہیں، مسافروں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
جدہ ایئر پورٹ پر بیس ہزار ریال جرمانے کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرمانہ نہیں فیس ادا کی گئی ہے جب کبھی فلائٹ طے شدہ شیڈول کے مطابق نہیں جاتی تو لینڈنگ کیلئے فیس ادا کرنا پڑتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ سعودی حکام سے مذاکرات کے بعد فیس بھی واپس کردی جائے گی۔