کراچی:(اے پی پی) کراچی ائیر پورٹ ہوٹل پر گزشتہ سات روز سے موجود عمرہ زائرین کی دعائیں رنگ لے آئیں اور بالآخر پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے عمرہ زائرین کو جدہ بھجوانے کا خصوصی انتظام کیا ۔ طویل انتظار اور ذہنی اذیت برداشت کرنے کے بعد اللہ کے گھر جانے کی خبر سنتے ہی عمرہ زائرین کی آنکھیں نم ہو گئیں جبکہ چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ عمرہ زائرین کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی ہڑتال کے باعث صرف وہ ہی نہیں بلکہ انکے اہل خانہ بھی شدید پریشانی سے دوچار تھے لیکن اب انکے ساتھ ساتھ اہل خانہ کی پریشانی بھی ختم ہو گئی ہے۔ عمرہ زائرین کا انتظار تو ختم ہوا اور وہ جدہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے تاہم کئی افراد اس اعلان سے لاعلم ہونے کے باعث جدہ روانہ نہ ہو سکے۔