کراچی(آئی این پی)پی آئی اے کے لاپتا ملازمین مل گئے ، نامعلوم افراد چاروں ملازمین کو ناگن چورنگی کے قریب چھوڑ کر فرارہو گئے ۔ چاروں ملازم دو فروری کو لاپتہ ہوئے تھے ۔ بالاآخر دعائیں ، التجائیں قبول ہوئیں ۔ پی آئی اے کے چاروں ملازم مل گئے ، غم سے نڈھال اہلخانہ کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ، دو فروری کو لاپتہ ہونے والے ملازمین کو نامعلوم افراد ناگن چورنگی کے قریب چھوڑ گئے ۔ بازیاب ملازمین نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تشدد تو نہیں ہوا تاہم انہیں برے حالات میں رکھا گیا ۔ پی آئی اے کے مل جانے والے دو ملازمین ضمیر چانڈیو اور منصور ڈھلوں انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ سے جبکہ ہدایت اللہ اور سیف اللہ پی آئی اے ہیڈ کوارٹر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ہدایت اللہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیدار بھی ہیں ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لاپتہ ملازمین کی بازیابی کے لیے آج احتجاجی مارچ کی کال دی تھی تاہم ملازمین کی واپسی کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ابھی تک احتجاجی مارچ ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا ۔