پی ایس ایل فائنل؛ شارع فیصل اور کارساز پر دفاتر و دکانیں بند رکھنے کا حکم
کراچی:(ملت آن لائن) کراچی میں پی ایس ایل تھری کے فائنل پر شارع فیصل اور کارساز کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے راستوں میں 25 مارچ کو تمام کاروباری اور معاشی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ضلع شرقی کے ماتحت بہادر آباد پولیس اسٹیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شارع فیصل اور کارساز کے راستوں میں قائم شاد ی ہالز، ہوٹلز، دفاتر 25 مارچ اتوار کی صبح 6 بجے سے 26 مارچ پیر کی صبح 6 بجے تک 24 گھنٹے کے لیے بند رہیں گے۔ پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل سے متعلق غیر ملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی ایئرپورٹ سے لے کر ہوٹل تک کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے خصوصی پلان تیار کیا جارہا ہے۔
پی ایس ایل فائنل کراچی میں نہیں ہوا تو کہیں نہیں ہوگا
کراچی ایئرپورٹ کے اندر اور باہر ٹیموں کی سیکیورٹی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس(اے ایس اف) کے ذمے ہوگی۔ اے ایس ایف ٹیموں اور آفیشلز کو ہوائی اڈے کی حدود میں سیکیورٹی فراہم کرے گی جب کہ ایئرپورٹ کی حدود کے باہر سے نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور خفیہ ایجنسی کے اہل کار تعینات ہوں گے۔