خبرنامہ سندھ

پی ایس پی کے جلسے کی تیاریاں عروج پر

حیدر آباد: (ملت+اے پی پی) 23 دسمبر کے جلسۂ عام کے لئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے حیدر آباد میں کئی روز سے عوامی رابطہ مہم شروع کر رکھی ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء شہر کے ہر چھوٹے بڑے بازار میں تاجروں اور دکانداروں اور دیگر عام شہریوں کو پاک سرزمین پارٹی کے جسلۂ عام میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ شہر بھر میں ہمارا حق، ادھر رکھ کے نعرے والے بڑے بڑے بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ حیدر آباد کے تاریخی پکا قلعہ میں پاک سرزمین پارٹی کے جلسۂ عام تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جلسۂ عام کے لئے پکا قلعہ کو دلہن کی طرح سجایا جا رہا ہے۔ پکا قلعہ کے مرکزی دروازے سے پنڈال تک پاکستان کے بڑے بڑے جھنڈے آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ پنڈال میں 40 فٹ چوڑا اور چالیس فٹ لمبا سٹج بنایا جا رہا ہے۔ سٹیج پر چالیس فٹ لمبی اور بیس فٹ اونچی الیکڑونک سکرین بھی لگائی جائے گی۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 23 دسمبر کے جلسۂ عام میں لاکھوں کی تعداد میں آنے والی خواتین ہی پکا قلعہ گراؤنڈ بھر دیں گی۔