چائنا سے زیادہ رشیئن اور امریکن کٹنگ ہوئی؛ فاروق ستار
کراچی:(ملت آن لائن) سربراہ ایم کیوایم پاکستان فاروق ستار نے کہا ہے کہ شہر قائد میں 10 سے 15 فیصد چائنا کٹنگ پر آخر کب تک واویلا کیا جاتا رہے گا اور 85 فیصد رشیئن اور امریکن کٹنگ سے صرفِ نظر کیا جاتا رہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے چائنا کٹنگ سے متاثر ہونے والے افراد کو سرکار کی جانب سے متبادل جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بروز ہفتے کو کراچی میں عمارتیں اور شادی ہالز گرانے کے خلاف مظاہرے کا اعلان بھی کیا. ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اوکھائی میمن کمیونیٹی ہال کو محض اس وجہ سے گرا دیا گیا کیوں کہ وہاں کی میمن برادری ایم کیو ایم کو سپورٹ کر رہی تھی اسی طرح صرف مخصوص علاقوں میں کارروائی ہو رہی ہے جس سے تاثر آرہا ہے کہ کارروائی کسی ایک قوم یا کمیونیٹی کے خلاف ہے. انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی 85 فیصد زمین کی بندربانٹ گوٹھ آباد اسکیم کے نام پرہوئی ہے جس میں صوبے کی حکمراں جماعت سمیت مختلف سیاسی جماعتیں اور رہنما ملوث ہیں لیکن ان کو گرانے کے بجائے التا وزارت کچی آبادی کے تحت لیز کردیا جاتا ہے. سربراہ ایم کیو ایم فاروق ستار کے اس بیان نے نیا پنڈوراباکس کھول دیا اور کراچی میں چائنا کٹنگ کے بعد اب پہلی مرتبہ امریکن اوررشین کٹنگ کا انکشاف سامنے آیا جس کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کے رپورٹر رافع حسین نے بنیادی معلومات حاصل کرلی ہیں.شفٹنگ کے نام پر پارک، اسکول اور پبلک پراپرٹی پرقبضہ کرنے کا نام رشین کٹنگ ہے اسی طرح گوٹھ کے نام پر 4 ایکڑ کو 40 ایکڑ اور 100 گز کے پلاٹ کو ہزار گز کا پلاٹ دکھانا امریکن کٹنگ ہے. اسی طرح گوٹھوں کے نام پرانڈسٹریل ایریا کی زمین پر قبضے میں سندھ کچی آبادی ملوث ہے اس حوالے سے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ سندھ کچی آبادی ریونیو کی زمین پر قبضے میں بھی ملوث ہے جب کہ امریکن اور رشین کٹنگ کے نام پر رمضان گوٹھ اور ملاعیسیٰ گوٹھ بسائے گئے. گلستان جوہر، گلشن اقبال ریلوے سوسائٹی، نارتھ ناظم آباد، کٹی پہاڑی، سرجانی، کورنگی سیکٹر فائیوڈی، لانڈھی، کے ڈی اے آفیسرز اسکیم فیزبی کے علاوہ تھارومینگل گوٹھ ، نور محمد گوٹھ، اللہ رکھی گوٹھ، رب نوازگوٹھ ، رحیم گوٹھ، سیف المری، مومن گوٹھ اور اجمیر گوٹھ قبضہ کر کے بسائے گئے ہیں اور یہ سب گوٹھ آباد اسکیم کے نام پر کیا گیا ہے.