کراچی: (ملت آن لائن)سنٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک سادہ مگرپروقار تقریب میں آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی سے قونصل جنرل چائنا وان یو (Wan yu) پر مشتمل تین رکنی وفد نے ملاقات کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب میں ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی ڈاکٹر جمیل، اے آئی جی ٹی اینڈ ٹی، اے آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن، اے آئی جی آپریشنز سندھ، اے آئی جی ایڈمن سی پی او اور اے آئی جی لا جسٹکس بھی شریک تھے۔ اس موقع پر حکومت چائنا کی جانب سے سندھ پولیس کو ہنڈا 150 سی سی کی 42 موٹر سائیکلیں اور 150 واکی ٹاکی سیٹس بطورعطیہ پیش کئے گئے۔ آئی جی سندھ نے قونصل جنرل چائنا پر مشتمل تین رکنی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت چائنا کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پولیسنگ کے عمل کو مؤثر اور مربوط بنانے کے ضمن میں ان کے تعاون کو ایک سنگ میل قرار دیا۔