خبرنامہ سندھ

چودھری نثار اپنے خیالات اپنے پاس رکھیں: بلاول

کراچی: (ملت+اے پی پی) چوہدری نثار کے الزامات پر پیپلز پارٹی بپھر گئی ، بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ انفریئر منسٹر اپنے خیالات اپنے پاس رکھیں ، میں وہ نہیں جو سر پر مصنوعی بال پہنتا ہے ۔ ترجمان بلاول ہائوس کا کہنا ہے کہ چودھری نثار کو تو اپنے ہی دوستوں نے چوری نثار کا خطاب دیا ہوا ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں بلاول بھٹو نے چودھری نثار پر جوابی وار کرتے ہوئے ایک بار پھر گو نواز گو کا نعرہ لگا دیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سچ کہتے ہیں وہ وہ نہیں جو سر پر مصنوعی بال پہنتا ہے ۔ انفریئر منسٹر اپنے تصوراتی خیالات اپنے پاس رکھیں اور پیپلز پارٹی کی چار ڈیمانڈز پر توجہ دیں ورنہ گو نواز گو کا نعرہ گونجے گا ۔ بلاول ہائوس کے ترجمان نے بھی سخت ردعمل میں کہا کہ چودھری نثار نے پاکستان میں برہمن راج لاگو کر رکھا ہے ، ایک ہی ملک میں دو قانون صرف برہمن راج میں ہی ہو سکتے ہیں ۔ ترجمان بلاول ہاؤس نے کہا کہ چودھری نثار کو تو اپنے ہی دوستوں نے چوری نثار کا خطاب دیا ہوا ہے ۔ چودھری نثار کو اپنے اور اپنے دادا کے اثاثہ جات میں فرق دکھانا چاہیے ، بلاول بھٹو زرداری پر بولنے سے پہلے چودھری نثار اپنے خاندان اور باہر چھپائے ہوئے اربوں روپے واپس لائے ۔ سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ چودھری نثار مجرم ثابت ہوچکے ، کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ کے بعد انہیں فوری منصب چھوڑ دینا چاہیئے ۔ چودھری نثار کی چیخوں سے لگتا ہے کہ بچے نے صحیح جگہ چوٹ کی ہے ۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ اگر بے نظیر بھٹو کا نام پاناما کیس میں ہے تو حکومت انکوائری بل پاس کیوں نہیں کرواتی ۔