خبرنامہ سندھ

چوہدری نثاراپنی باتوں سےذمہ دارملک کےوزیرداخلہ نہیں لگتے، چانڈیو

کراچی:(اے پی پی) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کا وزیر داخلہ والا چہرہ ہی نہیں اور وہ اپنی باتوں سے کسی ذمہ دار ملک کے وزیرداخلہ بھی نہیں لگتے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پراپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ چوہدری نثار ناکام وزیر داخلہ ہیں اور ایک خاص مشن پر کام کررہے ہیں جس میں وہ اپنے وزیراعظم کو بھی نہیں بخشتے، وہ اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے الزامات لگا کر لڑائی کا ماحول پیدا کررہے ہیں لیکن ہم وزیراعظم کے خاندان پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ مشیراطلاعات سندھ نے کہا کہ چوہدری نثار کا وزیرداخلہ والا چہرہ ہی نہیں، انہیں اچانک کچھ ہوجاتا ہے اور پیپلزپارٹی پر چڑھائی کرنے لگ جاتے ہیں جب کہ ان کی باتوں سے لگتا ہی نہیں کہ یہ کسی ذمہ دار ملک کا وزیرداخلہ بات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاناما کے سوال پر متفق ہے جو کرپشن کا پیسہ ہے، اس لیے چوہدری نثار ہم سے سوال کرنے سے پہلے اپنے لیڈر سے پہلے پوچھیں اور حکومت پاناما کا جواب دے۔