خبرنامہ سندھ

چوہدری نثارکی باتوں کی میرےلئےکوئی اہمیت نہیں، وزیراعلی سندھ

کراچی:( وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثارجب تقریر کررہے تھے میں اس وقت مدینے میں پاکستان کے لئے دعائیں کررہا تھا اور چوہدری نثار کے بیان کی میرے نزدیک کوئی اہمیت نہیں ہے۔ کراچی میں تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ چوہدری نثارجب تقریر کررہے تھے اس وقت میں مدینے میں پاکستان کے لئے دعائیں کررہا تھا، چوہدری نثارکے بیان کی میرے نزدیک کوئی اہمیت نہیں جب کہ چوہدری نثار کے بیان کے معاملے پر پیپلزپارٹی کا مشترکہ موقف سامنے لایا جائے گا، کابینہ میں 90 فیصد لوگ اسمبلی کے رکن ہیں جب کہ میں خود بھی سیاستدان کا بیٹا ہوں۔ وزیر اعلی سندھ نے انٹر بورڈ سےمتعلق شکایات موصول ہونے پر کہا کہ انٹربورڈ کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں اسی وجہ سے اینٹی کرپشن کو تحقیقات کے لئے کہا گیا، انٹر بورڈ میں جو بھی کرپشن کے معاملے میں ملوث ہوا اسے نہیں چھوڑیں گے جب کہ بچوں کا مستقبل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے اس سے قبل وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے فیڈریشن ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کےشعبے کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، سندھ حکومت کی پہلی ترجیح تعلیم اور صحت ہے، موبائل یونٹس سندھ حکومت کے لئے تحفہ ہے، میں چاہتا ہوں کہ سندھ کے کسی بچے کو علاج کے لئے باہر نہ جانا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے مسائل بہت زیادہ ہیں جو جلد حل نہیں ہوسکتے لیکن مسائل حل کرنے کے لیے سمت کا تعین ہوسکتا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے کہا کہ 10 ارب سے کراچی کی سڑکوں کی مرمت کی جائے گی، پہلےشہر کی اہم شاہراہوں کی تعمیرات کو مکمل کریں گے۔ تمام منصوبوں کی خود نگرانی کررہے ہیں، وہ ہر 15 دن میں ترقیاتی سرگرمیوں کی خود رپورٹ لیں گے اور جلد ہی سب کو نظر آئے گا کہ سندھ حکومت درست سمت میں کام کررہی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی کےمنصوبے”کے 4″ کے پہلے مرحلے کا کل افتتاح کررہے ہیں جب کہ جس سے شہر کو یومیہ 260 ملین گیلن پانی اضافی ملے گا۔