کراچی:(ملت آن لائن) چپ تعزیے کا مرکزی جلوس کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہوگیا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چپ تعزیے کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگیا جو ایم اے جناح روڈ سے صدر، ایمپریس مارکیٹ اور پھر دوبارہ ایم اے جناح روڈ پراپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے مقررہ راستوں پر پولیس اور رینجرز نے سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے ہیں۔ پولیس کے 3608 اہلکارسیکیورٹی پر تعینات ہیں۔
مرکزی جلوس سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر قرار دیا۔ نمائش تا کھارادر ایم اے جناح روڈ اور ذیلی راستے کنٹینرز کی مدد سے بند کردیے گئے ہیں۔
جلوس کی گزرگاہ پر واقع بلند عمارتوں پر پولیس کمانڈوزتعینات ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی جلوس کی نگرانی کی جائے گی۔
ٹریفک کوسولجربازار، انکل سریا چوک سے نشتر روڈ موڑ ا جائے گا، ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک کولسبیلہ سے نشترپارک، نشترروڈ موڑا جائے گا۔
عوام صدر اور ٹاور جانے کے لیے شاہراہ فیصل کے راستے کو ترجیح دیں۔ اس کے علاوہ دوسرا جلوس دوپہر ایک بجے قصر مسیب اولڈ رضویہ سوسائٹی ناظم آباد سے برآمد ہوگا اور لسبیلہ اور تین ہٹی سے براستہ سینٹرل جیل ہوتا ہوا مارٹن روڈ امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔