چڑیا گھر کی بجلی کاٹ دینے پر میئر کراچی کا اظہار تشویش
کراچی:(ملت آن لائن) میئر کراچی وسیم اختر نے سفاری پارک اور چڑیا گھر کی بجلی کاٹ دینے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی پر نایاب جانوروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے سفاری پارک اور چڑیا گھر کی بجلی کاٹ دینے پر سخت اظہار تشویش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک اور بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بقایا جات کی ادائیگی پر مذاکرات جاری تھے۔ سفاری پارک اور چڑ یا گھرکی بجلی منقطع کردینا دانش مندانہ اقدام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفاری پارک اور چڑ یا گھر میں کئی نایاب جانور موجود ہیں۔ بجلی کی عدم فراہمی پر ان قیمتی اور نایاب جانوروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ میئر نے کہا کہ کے الیکٹرک سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ فی الفور سفاری پارک اور چڑیا گھر کی بجلی بحال کرے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک نے کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک کی بجلی منقطع کردی تھی۔ سفاری پارک اور چڑیا گھر پر بجلی کی مد میں 13 کروڑ روپے کے واجبات ہیں۔ دوسری جانب دونوں اداروں کے حکام کا کہنا ہے کہ معاملات طے ہونے کے باوجود بجلی منقطع کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔