خبرنامہ سندھ

چھ سالہ بچی زیادتی کا شکار

کراچی: (ملت+اے پی پی) کراچی میں معصوم کلی کو کچل دیا گیا ، نامعلوم درندے چھ سالہ بچی کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد کورنگی ندی میں پھینک گئے ۔ بچی کو آپریشن کے بعد آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ۔ سول ہسپتال کراچی کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں بچی کا علاج جاری ہے ۔ چھ سالہ بچی نامعلوم درندوں کا نشانہ بن گئی ۔ وحشیانہ برتاؤ کے بعد مردہ سمجھ کر کورنگی کراسنگ ندی کے قریب پھینک دیا گیا ۔ بچی کے چہرے ، گلے اور جسم کے ہر حصے پر تیز دھار آلے سے وار کیے گئے ۔ زندگی بچانے کےلیے تین گھنٹے طویل سرجری کی گئی جس کے بعد بچی کو آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ۔ جان کنی کےعالم میں لائی گئی بچی اپنا نام اور پتہ بھی ٹھیک سے نہیں بتا سکی ۔ کبھی طیبہ تو کبھی طوبیِٰ نام بتانے والی بچی خود کو پہلے کورنگی اور پھر مٹھی کا رہائشی بتاتی رہی ۔ پولیس کے مطابق بچی کے ابتدائی بیان پر انحصار نہیں کیا جاسکتا ۔ پولیس نے بچی کے والدین اور اسے سفاکیت کا نشانہ بنانے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔